اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں نارملائزیشن کمیٹی کے ممبر شاہد کھوکھر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری آئی پی سی اور ڈی جی پی ایس بی نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں غیرجانبداری کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
نارملائزیشن کمیٹی فیفا قوانین کے دائرہ کار میں انتخابات کو منصفانہ ، آزاد اور شفاف انداز میں کرانے کے لئے روڈ میپ اور ٹائم فریم پر عمل کرے۔ نارملائزیشن کمیٹی کے ممبر شاہد کھوکھر نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی انتخابات کرانے پر راضی ہے اور پاکستان میں فٹ بال کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لینے کے لئے تیار ہےکیونکہ انتخابات ہی واحد آپشن ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ریگولیٹر ہے اور ہم اس میں اہم اسٹیک ہولڈر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم صرف پاکستان میں فٹ بال کی بحالی چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے جاری اس بحران کی وجہ سے فٹ بال کے کھیل کو نقصان پہنچ رہا ہے اور اسے جلد از جلد حل کیا جانا چاہئے۔ سب سےزیادہ کھلاڑی ، کوچ اور ریفری اس کا شکار ہیں۔ پاکستان میں فٹ بال ایک وسیع پیمانے پر کھیلا جانے والا کھیل ہے اور حکومت اس کا جلد حل چاہتی ہے تاکہ ایک بار پھر اس کھیل کو دوبارہ زندہ کیا جاسکے۔