34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے نائب صدر ورلڈ بینک مارٹن ریزر...

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے نائب صدر ورلڈ بینک مارٹن ریزر کی ملاقات ، مضبوط اقتصادی تعلقات کےفروغ اور توانائی کے تحفظ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی عزم پر زور

- Advertisement -

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک سے ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزر نے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے کے مقصد سے جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں مضبوط اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور توانائی کے تحفظ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی عزم پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تبدیلی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے توانائی، انفراسٹرکچر، سماجی شعبوں میں اہم ترقیاتی منصوبوں میں عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسٹریٹجک اقتصادی اور ترقیاتی اہداف کے حصول میں شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ عالمی بینک جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعاون ہمارے پائیدار ترقی کے عزائم کو آگے بڑھانے، اقتصادی لچک کو بڑھانے اور کمیونٹیز کی ترقی میں اہم ہے۔

- Advertisement -

مارٹن ریزر نے خطے میں تبدیلی کے اقدامات کی حمایت کے لیے عالمی بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں پانی کے شعبے میں جاری منصوبوں بشمول داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، تربیلا توسیعی منصوبے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی حکمت عملی، توانائی کی بچت میں اضافہ اور ترقیاتی خلا کو پر کرنے کے لیے تکنیکی جدت طرازی میں سہولت فراہم کرنے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے متوازن اور پائیدار منصوبوں کے حصول میں پالیسی اقدامات اور سرمایہ کاری کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ منصوبہ بندی کے نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کیپیٹل انویسٹمنٹ مینجمنٹ فریم ورک کا استعمال کیا جاسکتا ہے، مارٹن ریزر نے رائے دی کہ یہ باہمی فائدے کے لئے ایک بہترین اقدام ہوسکتا ہے۔اجلاس کا اختتام بات چیت اور تعاون جاری رکھنے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آبی وسائل اور وزارت کے حکام، ورلڈ بینک کے نائب صدر کے معاون خصوصی کشن ابیگنواردانا، سینئر انرجی اسپیشلسٹ اور پروگرام لیڈر محمد انس اور سینئر آپریشنز آفیسر ایوا لیسکرویٹ نے بھی شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=551047

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں