اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ سے جمہوریہ ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر تختائیف نے منگل کو یہاں وزارت ہائوسنگ و تعمیرات میں ملاقات کی۔وزارت کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات کے مابین رہائش، کمیونل ترقی اور پائیدار شہری ترقی کے شعبوں میں تعاون کے ممکنہ امکانات پرسیر حاصل گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور ازبکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں رہائشی ضروریات میں اضافے اور پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کے پس منظر میں پائیدار اور جدید حل اپنانے کی اہمیت پر زور دیا جن میں ری سائیکلنگ، گرین کنسٹرکشن اور وسائل کی موثر شہری ترقیاتی حکمت عملی شامل ہیں ۔
ازبک سفیر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو اجاگر کیا اور شہری ترقی کے میدان میں ازبکستان کے تجربات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فروری 2025ء میں تاشقند میں ہونے والی ملاقاتوں کا ایک اہم نتیجہ ہائوسنگ اور کمیونل سروسز کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام تھا۔انہوں نے ازبکستان میں جاری معاشی اصلاحات، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور ہائوسنگ و تعمیرات کے شعبے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے رہائشی ترقی، واٹر ری سائیکلنگ، گرین ہائوسنگ اور سماجی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تربیتی اور صلاحیت سازی کے پروگراموں میں تعاون کی پیشکش کی۔مزید برآں ازبک سفیر نے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے، سمارٹ اور گرین ہائوسنگ، بلند عمارتوں کی تعمیر اور کم آمدنی والے افراد کے لیے سستی رہائش جیسے ماڈلز اور تجربات پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے پبلک پروکیورمنٹ، قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات، اور تعمیراتی رجحانات پر پالیسی پر تعاون اور بہترین تجربات کے تبادلے کی تجویز بھی دی اور کہا کہ ازبکستان ان شعبوں میں اپنا تکنیکی تجربہ پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کے لئے پرعزم ہے۔فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ طویل عرصے سے قائم سفارتی تعلقات کو اقتصادی اور صنعتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔