اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اینڈ ورکس محمد اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی آڈٹ ٹیم نے اپنی رپورٹ میں وزیراعظم ہاﺅسنگ سکیم پر کرپشن الزامات کو مسترد کر دیا ہے، وزیراعظم ہاﺅسنگ سکیم کی سب سے زیادہ مخالفت بڑی پرائیویٹ ہاﺅسنگ سوسائٹیاں کر رہی ہیں اور وہ مخصوص مفادات کیلئے اپنے کارندوں کے ذریعے کرپشن کے الزامات لگا رہی ہیں، وفاقی دارالحکومت کے علاقے بہارہ کہو میں 20ہزار، تھلیاں میں 20ہزار اور ایف 14 میں 10ہزار پلاٹ ڈویلپ کر دئیے گئے ہیں، اس میں 25فیصد پلاٹ سویلین کو دیں گے، اس سکیم کی کامیابی کی صورت میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والی ہاﺅسنگ سکیموں کی لوٹ مار ختم ہو جائے گی، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا ایف 14میں کوٹہ ایک سے بڑھا کر 2فیصد کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافتی تنظیموں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔