اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نےملتان ایئر پورٹ کا دورہ کیا جہاںمسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ترجمان وزارت ہوا بازی کے مطابق ملتان ایئر پورٹ دورہ کے موقع پر وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لئے اضافی نشستیں لگائی جائیں،ایئر پورٹ پر مسافروں کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،امیگریشن سٹاف کی کمی کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے ملتان ایئر پورٹ کی آمدن بڑھانے کے لئے فی الفور اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو رخصت کرنے کے لئے آنے والے احباب کی ایئر پورٹ داخلے کی مربوط حکمت عملی بنائی جائے گی،قومی اداروں کی کارکردگی کو ذاتی دلچسپی سے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی تنظیم نو اولین ترجیح ہے۔