اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جمعہ کو ہونے والے اجلاس ملک بھر میں چینی کی دستیابی، قیمتوں کے استحکام اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی چینی فراہم کرنے کے لیے میونسپل سطح پر چینی کے اسٹالز قائم کیے جائیں گے، جہاں چینی 130 روپے فی کلو کے مقررہ نرخ پر دستیاب ہوگی اجلاس کے دوران طے پایا کہ تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اپنے متعلقہ شہروں میں چینی کے اسٹالز فوری طور پر قائم کریں گے۔
سندھ میں 230 اسٹالز، خیبرپختونخوا میں 405 سیلنگ پوائنٹس جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی سینکڑوں اسٹالز لگائے جائیں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد عام شہریوں کو سستی چینی کی دستیابی یقینی بنانا اور ذخیرہ اندوزی و مہنگائی کی روک تھام کرنا ہے، جبکہ صوبائی حکومتوں کو اسٹالز پر سیکورٹی، صفائی اور ہجوم کے انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ 27 رمضان تک چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اور کسی بھی ممکنہ مسئلے کے فوری حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ میونسپل سطح پر چینی کے اسٹالز لگانے کا مقصد عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے
اور حکومت اس اقدام کی سخت نگرانی کرے گی تاکہ اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (PSMA) اور صوبائی حکومتوں کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس اقدام میں بھرپور تعاون کریں تاکہ چینی کی سپلائی چین متاثر نہ ہو اور غریب طبقے کو رمضان کے دوران چینی بآسانی دستیاب ہوبلوچستان اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں چینی کی اسٹالز تک ہموار ترسیل اور تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کریں گی۔ وفاقی حکومت چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564629