لاہور۔19مئی (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے مرکزی مشاورتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس کل ( 20مئی کو)طلب کیا ہے جس میں مجموعی کارکردگی اور ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے حل کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایف ٹی او کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے اتوار کو بتایا کہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور، بڑی تاجر تنظیموں، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور انجمن تاجران پر مشتمل 50 رکنی مشاورتی کمیٹی کو اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، دیگر شہروں سے ممبران نہ آسکنے کی صورت میں زوم ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ایڈوائزرز، ایف ٹی او سیکرٹریٹ، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ کے علاقائی دفاتر اور چیف ان لینڈ ریونیو پالیسی اور چیف سیلز ٹیکس (ان لینڈ ریونیو ایف بی آر)بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ایف ٹی او کی سربراہی میں کاروباری برادری کے ساتھ بات چیت، ان کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا، ان کے مسائل کے بارے میں آگاہی اور ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کو اولین ترجیح پر حل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔