وفاقی ٹیکس محتسب کی سلور جوبلی 25فروری کو گورنر ہاوس لاہور میں قومی سیمینار

114
Federal Tax Ombudsman

لاہور۔23فروری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ اپنی پہلی سلور جوبلی کے موقع پر 25فروری کو گورنر ہاوس لاہور میں کامیابیوں کے 25سال کے عنوان سے ایک قومی سیمینار منعقد کرے گا۔

ایف ٹی او کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے اتوار کو بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ، ہلال امتیاز و ستارہ امتیاز، اس موقع پر رپورٹ پیش کریں گے جس میں گزشتہ 25سال میں ٹیکس محتسب کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی جائے گی اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو بہتر بنانے اور ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کے فوری ازالہ کیلئے اس کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔

سیمینار میں سرکاری حکام، ٹیکس ماہرین، مختلف شعبوں کے نمائندے اور سٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے اور ٹیکس محتسب کے کردار اور اسے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید موثر بنانے کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔ یہ تقریب ٹیکس نظام میں شفافیت، انصاف پسندی اور کارکردگی کو مزید بہتر و سہل بنانے کیلئے ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔