نارووال۔ 15 دسمبر (اے پی پی):ممبر ایڈوائزری بورڈ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے قیام کا مقصد لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے ،یہ ادارہ بڑی کامیابی سے درخواست گزاروں کے مسائل حل کرکے ان کیلئے آسانیاں پیدا کر رہا ہے، درخواست گزار صرف سادہ کاغذ یا ہماری SMS سروس پر اپنی شکایت درج کروائیں،ہم شکایت کنندہ کا ہرطرح سے تحفظ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں گجرات اور منڈی بہاؤ الدین چیمبر آف کامرس میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر کو پروموٹ،انڈسٹری کو تحفظ اور سرمایہ کاری کے عمل کو بڑھانے کیلئے ادارہ وفاقی ٹیکس محتسب اہم کردار ادا کر رہا ہے،ایف بی آر میں پائی جانے والی قانونی پیچیدگیوں،بد انتظامی کو ختم اور ٹیکس کی ادائیگی کے عمل کو شفاف بنایا جارہاہے،از خود نوٹس کا اختیار استعمال کرتے ہوئے سينکڑوں زیر التوا کیسز کو نمٹایا اور بيرون ملك پاکستانیوں کی شکایات کا فوری ازالہ کر کے وطن کی محبت میں اضافہ كيا۔
انہوں نے بتایا کیا کہ حا لیہ جمع شدہ سالانہ ٹیکس ریٹرن کے مطابق ملک کی 24 کروڑ عوام میں سے صرف 19لاکھ افراد ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور ان میں سرکاری ملازمین شامل ہیں جبکہ ديگر ٹیکس گزاروں میں اضافہ بالکل نہ ہونے کے برابر ہے ،ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ملک کے تمام افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کی ضرورت ہے ،اسی صورت میں ہم پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات بھی ہمیں ٹیکس ادا کرنے کا درس دیتی ہیں، دارالاسلام میں حکومت وقت کے احكامات سے انحراف قابل تعزير قرار ديا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے گوجرانوالہ ڈویژن سمیت 8 بڑے شہروں میں وفاقی ٹیکس محتسب کےکیمپ آفسزکام کر رہے ہیں۔