28.2 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری کی وطن عزیز کے...

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری کی وطن عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن اسامہ شہید اور میجر حسیب شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات

- Advertisement -

راولپنڈی۔16مئی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے وطن عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن اسامہ شہید اور میجر حسیب شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پوری قوم کی جانب سے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور وطن کے محافظوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

کیپٹن اسامہ شہید کے خاندان سے گفتگو کے دوران بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے سپوت ہمارے لیے باعث فخر ہیں،کیپٹن اسامہ جیسے بہادر افسران کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے جو قربانی دی ہے، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ اس موقع پر کیپٹن اسامہ کے بھائی نے جذباتی انداز میں اپنے شہید بھائی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسامہ ایک ذہین اور باصلاحیت طالبعلم تھے، جو ہمیشہ نمایاں کارکردگی دکھاتے اور تعلیمی وظائف حاصل کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ اسامہ نے ایک بار کہا تھا کہ وہ شہادت کا رتبہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی والدہ نے بھی بیٹے کی بہادری اور حوصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسامہ ہمیشہ اگلے مورچوں پر رہ کر دشمن کے خلاف لڑتے اور راتوں کو جاگ کر چوکیوں کی نگرانی کرتے،وہ نہ صرف ایک دلیر سپاہی تھے بلکہ جذبۂ شہادت سے سرشار بھی تھے۔

- Advertisement -

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے اور یہ نصیب انہی کو ہوتا ہے جنہیں اللہ تعالیٰ خود چنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم ان سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ بعد ازاں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے میجر حسیب شہید کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے ایثار کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش ہیں،کیپٹن اسامہ اور میجر حسیب جیسے شہداء کی قربانیاں ہی پاکستان کی مضبوطی کی اصل بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور ان کی بہادری، قربانی اور ایثار پر فخر کرتی ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے واضح کیا کہ حکومت اور عوام ان عظیم سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد اور سہارا فراہم کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597905

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں