اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):رواں سال کے دوران اسلام آباد پولیس ا یجوکیشن ٹیم کی جانب سے شہریوں کیلئے 141ورکشاپس اور کلاسز کا انعقاد کیا گیا،جس میں کل 02 لاکھ 80 ہزارسے زائد شہریوں ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ڈرائیونگ لائسنس لرنر پرمٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو روڈسیفٹی اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی گئی۔
وفاقی پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے اسلام آباد کے مختلف نجی وسرکاری تعلیمی اداروں، مختلف سرکاری وغیرسرکاری اداروں اورٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اورڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے شہریوں کوخصوصی آگاہی فراہم کرنے کیلئے مہم کا آغازکررکھاہے ۔
اسی سلسلے میں رواں سال کے دوران اسلام آباد پولیس کے ٹریفک ہیڈکوارٹرزمیں قانون شکنوں،ڈرائیونگ لرنرپرمٹ ہولڈرز اوردیگراداروں میں141روڈ سیفٹی ورکشاپس کاانعقادکیاگیا، جس میں02 لاکھ80 ہزار سے زائد شہریوں کو روڈسیفٹی اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی گئی تاکہ شہری گاڑی چلاتے وقت خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھ سکیں۔ اسلام آباد پولیس ایجوکیشن ونگ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں اور تمام تر وسائل کو بروئے کا ر لا کر شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈسیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کر رہا ہے ۔
ان ورکشاپس کا بنیادی مقصد شہریوں کولین نظم وضبط، دوران ڈرائیونگ موبا ئل فون سننے کے خطرات،سیٹ بیلٹ کے استعمال، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کے خطرات، سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کے حقوق کاخیال رکھنا، زیبرا کراسنگ کا استعمال، تیز رفتاری کے خطرات،کالے شیشوں کی ممانعت، روڈ پرپیدل چلنے اوردیگر ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد پولیس ایجوکیشن ونگ کی جانب سے آگاہی پمفلٹ بھی شہریوں کو دئیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کو بہت سراہاگیا ہے ۔ ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران اپنی ڈیوٹی نہایت ایمانداری اور جانفشانی سے سرانجام دیتے ہوئے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرتے ہیں۔