اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے وفاقی پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل اشرف اور ان کے بیٹے کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کی گئی۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق نماز جنازہ میں پولیس، ضلعی انتظامیہ ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، عملہ کے ارکان اور شہریوں اور عزیز و اقارب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف اور ان کے بیٹے کا جسد خاکی تدفین کے لئے ان کے آبائی گائوں روانہ کردیا گیا ہے جہاں ان کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی۔اتوار کی صبح راہزنوں کو پکڑنے کی کوشش کے دوران دونوں باپ بیٹا ڈاکوئوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔
آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل کے لواحقین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔