وفاقی کابینہ میں توسیع، مزید4 وزرا نے حلف اٹھالیا، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا

94
وفاقی کابینہ کے 4 نئے اراکین نے حلف اٹھالیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی ہے اور مزید 4 وزیر کابینہ میں شامل کئے گئے ہیں جنہوں نے ایوان صدر میں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف اٹھایا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تین نئے وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت سے جمعہ کو حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، سول و فوجی حکام، حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے رہنماوں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے میاں جاوید لطیف، بی این پی مینگل کے آغا حسن بلوچ اورمسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین کو وفاقی وزیر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے جبکہ بی این پی کے محمد ہاشم نوتیزئی وزیر مملکت ہوں گے۔

اس سے قبل کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو 30 وفاقی وزرا اور تین وزرا مملکت نے حلف اٹھایا تھا۔ کابینہ میں پہلے ہی تین مشیروں کو بھی شامل کیا جاچکا ہے۔

وفاقی کابینہ کی حلف برداری سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے کابینہ کی تشکیل کے لئے مشاورت کی تھی جس کے بعد کابینہ کو حتمی شکل دی گئی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے11 اپریل کو ملک کے نئے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، اس سے قبل قومی اسمبلی نے محمد شہباز شریف کا 174ووٹوں سے پاکستان کے23 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے انتخاب کیا تھا۔