وفاق کے تعاون سے ضم اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے گا،گورنر فیصل کریم کنڈی

97

پشاور۔ 29 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے ملک کے دفاع، امن و استحکام کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، وفاق کے تعاون سے ضم اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے گا، ضم اضلاع کے مشران بالخصوص نوجوان اپنے علاقوں میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں، قیام امن سے ہی ترقی و خوشحالی کا راستہ جڑا ہوا ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روزلوئر جنوبی وزیرستان انگوراڈہ سے مولاناتسبیح اللہ،مولانامحمدشریف کی قیادت میں وفد سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا، وفد میں ملک شائز اللہ خان، مولانا شاکراللہ،حاجی مت خان اورملک محمدعالم سمیت دیگر شامل تھے۔اس موقع پر وفد نے گورنر کو ضم اضلاع میں ٹیکس کے نفاذ سے متعلق اپنے تحفظات،انگوراڈاسرحدبندہونے سمیت دیگر عوامی مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔

وفد نے بتایاکہ انگوراڈا سرحد بندہونے سے نہ صرف تاجربرادری متاثر ہو رہی ہے بلکہ طرفین کی آبادی کو اپنے رشتہ داروں کی غمی وخوشی میں شریک ہونے میں بھی مشکلات کا سامناہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بارڈر وسطی ایشیاء کے ساتھ تجارت کیلئے بہت قریب پڑتاہے جو ایک انتہائی اہمیت کی تجارتی راہداری ہے

،گورنرنے وفد کی معروضات غور سے سنیں اور مسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ انہیں ضم اضلاع کی محرومیوں کا بھرپور ادراک ہے،قبائلی عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

گورنرنے کہاکہ ضم قبائلی اضلاع میں ترقیاتی اقدامات اور ان سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کے لیے وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے مرکز میں اپنا انتہائی موثر کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں صوبہ کے دیگر اضلاع کیطرح بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔