لاہور۔15جنوری (اے پی پی):وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وفاق کے فنڈز سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو دیئے جا رہے ہیں،ورلڈ فوڈ پروگرام نے خیبرپختونخوامیں کام روک دیا۔بدھ کوجاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بینظیر نشوونما پروگرام میں بڑے پیمانے پر مالی غبن اور گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے،ورلڈ فوڈ پروگرام نے اس پروگرام پر خیبرپختونخوامیں کام روک دیا ہے،ورلڈ فوڈ پروگرام نے مالی بے ضابطگیوں ،گھوسٹ ملازمین کے معاملے پر صوبائی حکومت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ سرکاری دستاویزات میں صرف تنخواہوں میں 799 ملین کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے،ظالموں نے ماں اور بچے کی صحت پر خرچ ہونے والے فنڈز کو بھی نہیں بخشا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف جہاد کرنے کا اعلان کرنے والے علی امین گنڈا پور کی ناک کے نیچے سے 799 ملین غائب ہوگئے،اس سے قبل مساجد کے آئمہ کرام کے نام پر 70کروڑ کے فنڈز غائب کردیئے گئے،یہ تمام پیسہ سوشل میڈیا پر پاکستان اور اداروں کیخلاف مہم چلانے والے بریگیڈ سیل کو دیئے جاتے ہیں،جس پیسے سے پشتون قوم کے بچوں کو اسکالرشپ،الیکٹرک بائیکس مل سکتی تھیں وہ سوشل ٹرولز کی جیبوں میں جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کے پی کے مشیر خزانہ ہر ہفتے وفاق کو فنڈز کی فراہمی کیلئے خط لکھتے ہیں جبکہ وفاق کے دیئے فنڈز پشتونوں کی بجائے قومی سلامتی کے ادارے کے مخالف پروپیگنڈاکرنے والوں کو بانٹے جا رہے ہیں۔