وفاق کے چاروں ہسپتالوں میں انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم شروع کیا جائے گا،ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ

159
Dr. Malik Mukhtar Ahmad Bharath
Dr. Malik Mukhtar Ahmad Bharath

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کےکوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نےکہا ہے کہ وفاق کے چاروں ہسپتالوں میں انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم شروع کیا جائے گا،یہ منصوبہ ابتدائی طور پر پمز میں تنصیب کے مرحلے میں ہے۔ جمعرات کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ وفاق کے چاروں ہسپتالوں میں ایک مریض کی ایک آئی ڈی کے نفاذ کا فیصلہ کیاگیا ہے،ہر مریض کے پاس ایک واحد منفردآئی ڈی ہوگی،تمام ٹیسٹ کے نتائج اور تشخیص ایک ہی آئی ڈی سے منسلک ہوں گے۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ تمام پرائمری اور سیکنڈری سطح کے ہسپتالوں میں انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم شروع کیا جائے گا۔مریضوں کی تمام تاریخ بشمول ٹیسٹ اور ادویات کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ابتدائی طور پر پمز میں تنصیب کے مرحلے میں ہے 80 فیصد مکمل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی ہسپتالوں میں انفراسٹرکچر اور ہارڈ ویئر کو بھی اپ گریڈ کرنے کا عمل جاری ہے ۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کے اعداد و شمار تک تیزی سے رسائی بروقت علاج کی طرف لے جاتی ہے۔ مریضوں کو مختلف سہولیات کا دورہ کرتے وقت بار بار ٹیسٹ یا طریقہ کار سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ ڈاکٹرز فوری طور پر مریض کے ماضی کے طبی ریکارڈ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مریض اپنی منفرد آئی ڈی سے منسلک علاج تمام قسم کے لیبارٹری ٹیسٹ طبی دورے کا پتہ لگا سکیں گے ۔

صحت کا جامع اور مستند ڈیٹا وزارت کو صحت عامہ کی زیادہ موثر پالیسیاں بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ہسپتال اور بیسک ہیلتھ یونٹ کی کارکردگی، مریضوں کے نتائج اور حقیقی وقت کی معلومات تک رسائی حاصل ہو گی۔ ہسپتال انتظامیہ ایمرجنسی، آؤٹ پیشنٹ، فارمیسی، اور ریڈیولاجی مریضوں کے مستند ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں ۔