وقت سے پہلے الیکشن ناممکن نظر آرہے ہیں، الیکشن اکتوبر 2023 میں ہی ہوں گے، اسحاق ڈار

143
وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار کا ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کا دورہ،بورڈ کے سینئر افسران سے ملاقات

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وقت سے پہلے الیکشن ناممکن نظر آرہے ہیں۔ الیکشن اکتوبر 2023 میں ہی ہوں گے۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ الیکشن سے پہلے مردم شماری نہیں ہوئی تو مسئلہ ہوگا۔ عام انتخابات وقت پر کرانے کیلئے آئین میں ترمیم کرنا پڑے گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کےلئے معاملات بالکل سیدھے ہیں تاہم ان کی وطن واپسی سے متعلق ٹائم فریم دینا مشکل ہے، ن لیگ اور اتحادیوں کی خواہش ہے کہ وہ وطن واپس آجائیں۔۔

صدر مملکت سے ملاقات سے متعلق اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عارف علوی نے خواہش ظاہرکی تھی کہ معیشت پر بریفنگ دوں، بنیادی طور پر اس ملاقات کا ایجنڈا معیشت تھی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ روس سے سستا پٹرول خریدنے پرپابندی تھی ختم ہوگئی، کوشش ہے کہ روس سے30 فیصد رعایت پرتیل مل جائے، پوری کوشش ہے عوام کو ریلیف فراہم کریں، پٹرول کی قیمتیں کم نہیں کررہے توبڑھا بھی نہیں رہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ ہمیں بحالی کےلیے 16ارب ڈالر چاہییں، آئی ایم ایف جو چیز مانگ رہی ہے ہم فراہم کررہے ہیں، ہم نے پچھلی حکومت کی کمٹمنٹس کو پورا کیا اور آئی ایم ایف کی نئی قسط کیلئے تمام معاملات پورے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور چین کے دورے میں مثبت بات چیت ہوئی، سعودی عرب نے فنانشل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے، چینی صدر اور وزیراعظم نے کہہ دیا تو واضح ہے وہ مدد کریں گے۔