وقت کا تقاضا ہے کہ امت کے تصور کو بحال کیا جائے،نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد

113
نگران وزیر مذہبی امور

ریاض۔21ستمبر (اے پی پی): نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی سے ملاقات کی جس میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت کے تصور کو بحال کیا جائے،رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے پاکستان میں سیرت میوزیم کا قیام خوش آئند ہے۔

انیق احمد نے کہا کہ جدید علوم کا حصول ہماری دینی ضرورت ہے، امت مسلمہ کو درپیش آج کے جدید مسائل میں اسلاموفوبیا، موسمیاتی تبدیلی اور الحاد کا بڑھتا ہوا طوفان شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امت کی غربت کا خاتمہ کیسے کیا جائے اس سلسلے میں قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے غیر مسلموں کے ساتھ مکالمے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہذیبوں کی جنگ نہیں بلکہ ایک دوسرے سے ناواقفیت کی جنگ ہے،ہمارا دین انسانیت اور اس کی خدمت کی بات کرتا ہے،پوری انسانیت اللہ تعالی کا کنبہ ہے اور خدائی کنبہ کی خدمت ہم پر فرض ہے ۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہم حکومتوں اور مذہبی رہنماوں کی سطح پر مکالمے کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔اس موقع پر عبدالکریم العیسی سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا اہم ترین ملک ہے،پاکستان پر جب بھی نظر ڈالتے ہیں ہماری قوت میں اضافہ ہوتا ہے ،تصور امت کے حوالے سے اور عالم اسلام میں پاکستان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نومبر میں پاکستان آ کر سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔