راولپنڈی۔5فروری (اے پی پی):ولادت باسعادت نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور حضرت عباس بن علیؓ کی چکری میں پروقار اور عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں روضہ امام حسینؓ پر گزشتہ 20 سال سے ہر سال پرچم کشائی کرنے والی عراق کی اہم ترین شخصیت الحاج فاضل عباس صالح العوز کی سربراہی میں خادمین روضہ امام حسین کے سات رکنی وفد نے شرکت کی۔
بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد میں روضہ امام حسین ؓ کے کنجی بردار سید علا المیالی، سید علی الموسوی، احمد اور سید مسلم عوسجہ شامل تھے۔ وفد کا ایئرپورٹ اور بعد ازاں چکری پہنچنے پر پاکستان کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری فرخ رضا نے سید مرتضیٰ علی شاہ، چوہدری عروہ عباس، چوہدری عون عباس، پیر سید نثار قاسم، سید سجاد کاظمی، سید گلزار ساقی اور اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور عمائدین علاقہ کے ہمراہ والہانہ استقبال کیا۔ حاجی فاضل العوز نے دیگر خادمین کے ہمراہ حسینی پرچم کو کربلا معلیٰ کی طرح”لبیک یا حسین” کی فلک شگاف دھن کی گونج میں ہزاروں محبان امام حسین کی موجودگی میں چکری امام بارگاہ پر نصب کیا۔
اس موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیاگیا۔ قبل ازیں ”کاروان شاہ چن چراغ، راولپنڈی”کی طرف سے سالار سید جون علی کاظمی اور کربلا سیریل کے ڈائریکٹر و سینئر صحافی سید تبسم عباس شاہ نے خادمین حرم امام حسین ، حاجی فاضل عباس صالح العوز، کنجی بردار ضریح امام حسین سید علا المیالی، سید علی الموسوی، سید مسلم عوسجہ نقوی، احمد، علامہ سید سرور سبزواری ، بانیان جشن وارثان ولایتِ چوہدری فرخ رضا ،چوہدری عروہ عباس ، چوہدری عون عباس کو روضہ امام حسین علیہ السلام اور روضہ حضرت عباس سے نقش شدہ گولڈ میڈل پہنائے۔ اس موقع پر منتظمین کی طرف سے ایک لاکھ سے زائد افراد کی وسیع لنگر حسینی سے تواضع کیلئے خصوصی طور پر کئی مارکیز نصب کی گئی تھیں۔
اس موقع پر چکری کو برقی قمقموں اور خوبصورت پھولوں سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔چوہدری فرخ رضا کے زیراہتمام ولادت امام حسین اور حضرت عباس کی مناسبت سے جشن پاکستان بھر کی سب سے بڑی تقریب بن چکی ہے جس میں پنجاب بھر، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک سے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں اور پورا سال لوگوں کو اس جشن کا انتظار رہتا ہے۔