ومبلڈن اوپن ٹینس،آئیگا سوئیٹک ویمنز ، نوویک جوکووچ مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

159
ومبلڈن اوپن ٹینس،آئیگا سوئیٹک ویمنز ، نوویک جوکووچ مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

لندن۔6جولائی (اے پی پی):پولینڈ کی ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں اور سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اپنی کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ۔

میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک نے ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں ہسپانوی حریف کھلاڑی سارہ سوریبس ٹورمو کو شکست دی جبکہ سربین سٹار نے میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے میچ میں حریف آسٹریلین جورڈن تھامسن کو شکست دی۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔سب سے زیادہ 23 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے نوویک جوکووچ نے مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف آسٹریلین جورڈن تھامسن کو 3-6،6-7(4-7)اور 5-7سے شکست دی اور تیسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔

سربین سٹار نوویک جوکووچ آٹھویں مربتہ ومبلڈن اوپن جیتنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ادھر خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی حریف کھلاڑی سارہ سوریبس ٹورمو کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 0-6 سے شکست دے کر اپنی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔