ومبلڈن اوپن ٹینس،آئیگا نتالیہ سوئیٹک، ایلینا ریباکینا اور جسیکا پیگولا کا ویمنز سنگلز کا فاتحانہ آغاز

110
Wimbledon Open Tennis
Wimbledon Open Tennis

لندن۔3جولائی (اے پی پی):پولینڈ کی ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئی ۔قزاخستان کی ایلینا ریباکینا اور امریکی ٹینس کھلاڑی جسیکا پیگولا نے بھی ویمنز سنگلز کی پہلی رکاوٹ عبور کر لی۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں شروع ہو چکے ہیں ،جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا سوئیٹک نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی سوفیہ کینن کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا،جہاں ان کا مقابلہ کروشین ٹینس کھلاڑی پیٹرا مارٹک سے ہوگا۔

قزاخستان کی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ ایلینا ریباکینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانیہ کی حریف کھلاڑی ایلیناگیبریلا روس کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 1-6 سے شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ایک اور میچ میں امریکی ٹینس کھلاڑی جسیکا پیگولا نے با آسانی حریف ہم وطن کھلاڑی ایشلین کروگر کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 0-6 سے مات دی۔