ومبلڈن اوپن ٹینس، ایلینا ریباکینا اور باربورا کریجیکووا ویمنز سنگلز ٹاپ ۔4رائونڈ میں پہنچ گئیں

146

لندن۔11جولائی (اے پی پی):قازقستان کی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر چار ایلینا ریباکینا اور جمہوریہ چیک کی ٹینس سٹار باربورا کریجیکووا اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔قازقستان کی ایلینا ریباکینا نے ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کو شکست دی جبکہ جمہوریہ چیک کی باربورا کریجیکووا نے ٹاپ ایٹ میچ میں لٹویا کی اوسٹاپنکو کو مات دی۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں ،

جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں قازقستان کی ٹینس کھلاڑی اور میگا ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ ایلینا ریباکینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین کی ایلینا سویٹو لینا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں جمہوریہ چیک کی باربورا کریجیکووا عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے لٹویا کی حریف کھلاڑی اوسٹاپنکو کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 6-7(4-7)سے مات دی۔