لندن۔11جولائی (اے پی پی):رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ قازقستان کی ایلینا ریباکینا،جمہوریہ چیک کی باربورا کریجیکووا،اٹلی کی جیسمین پائولینی اور کروشیا کی ڈونا ویکک اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں ۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ویمنز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں ایلینا ریباکینا نےیوکرین کی حریف کھلاڑی ایلینا سویٹولینا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ جمہوریہ چیک کی باربورا کریجیکووا نے ٹاپ ایٹ میچ میں لٹویا کی حریف کھلاڑی اوسٹاپنکو کو شکست دی۔ اٹلی کی جیسمین پائولینی نے کوارٹر فائنل میچ میں امریکی حریف کھلاڑی ایما ناوارو کو مات دی جبکہ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں کروشین کھلاڑی ڈونا ویکک نے نیوزی لینڈ کی حریف کھلاڑی لولو سن کو پچھاڑ کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیا۔ میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ایلینا ریباکینا کا مقابلہ باربورا کریجیکووا سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں ڈوناویکک اور جیسمین پائولینی پنجہ آزمائی کریں گی۔