اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ ون ونڈو احساس سنٹر کا دائرہ ملک کے 154 اضلاع تک بڑھائیں گے، ملک میں 95 فیصد احساس پروگرام سروے مکمل کر لیا گیا ہے، مستحق خاندانوں کی سہولت کیلئے احساس رجسٹریشن ڈیسک 15 جولائی سے کھل جائیں گے، احساس پروگرام کیلئے مختص بجٹ کو شفاف انداز میں مستحق افراد کو پہنچایا گیا ہے، 41 ہزار خواجہ سرا نادرا میں رجسٹرڈ ہیں، ان کو بھی احساس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ون ونڈو آپریش پر پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو میں موبائل ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے جو سروس ایریا کی لوکیشن بھی بتاتی ہے، ون ونڈو احساس میں سروے 95 فیصد مکمل ہے جس میں ہر گھرانہ کا سکور نکلتا ہے ، احساس پروگرام کی اہلیت سکور سے منسلک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو احساس میں ڈیٹا انتہائی اہم ہے، ڈیجٹل سروے ہو رہا ہے، 65 سوالات کی بنیاد پر ہر گھر کا سکور بنتا ہے جس سے احساس پروگرام میں جس کا جتنا کم سکور ہوگا وہ اتنے زیادہ پروگرام سے مستفید ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پورے نظام کو سادہ بنانا ہے تاکہ مستحق افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ
پہلے معذور افراد کے لئے مشکل پراسس تھا جس کو سہل بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو ایک ہی ڈیٹا بیس سے منسلک کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ون ونڈو احساس سینٹر سے کھول گیا،اس طرح کے 154 ضلعی سطح کے احساس مراکز قائم کئے جائیں گے،اس سے مستحقین کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام خدمات تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو احساس کے چھ اہم ستون ہیں جن میں ون سٹاپ شاپ، احساس سینٹر، ڈیجیٹل انٹرفیس، ڈیجیٹل انفارمیشن اینڈ سروسزپلیٹ فارم، موبائل ایپ، اے پی آئی آرکیٹیکچر اور احساس ون ونڈو بینیفشری سلیکشن اینڈ ٹارگٹڈ پالیسی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9جون2021کو وزیر اعظم نے ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں پہلا ون ونڈو احساس سینٹر کا افتتاح کیا تھا ، اس سینٹر میں ایک ہی جگہ پر تمام احساس خدمات تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ، احساس ہر ضلع میں ون ونڈو احساس سینٹرز کا آغاز کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ احساس کے تمام پروگراموں اور اقدامات سے متعلق معلومات اور خدمات تک رسائی کے حصول کیلئے احساس ڈیجیٹل ای پورٹل کا آغاز کردیا گیا ہے ، یہ ای پورٹل ون ونڈو احساس اقدام کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد عام آدمی کو با اختیار بنانا اور سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ڈیجیٹل ای پورٹل عوام کو بالخصوص احساس پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے ۔ عوام تکنیکی معلومات کے حصول میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں ۔ ان کے سوالات اس حوالے سے ہیں کہ وہ کس طرح سے احساس پروگرام سے مستفید ہوسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر احساس پروگرام سے متعلق پوچھے جانے والے سوالات کی بنیاد پر ہم نے احساس ڈیجیٹل ای پورٹل تشکیل دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام احساس سے متعلق معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے، جو عوام کو احساس میں اندراج اور فوائد سے مستفید ہونے کیلئے صحیح معلومات سے الیکٹرانک طور پر منسلک کرتا ہے ، یہ ہمارے معاشرے کے 14مختلف طبقات کیلئے احساس فوائد اور خدمات کو مربوط کرتا ہے جن میں انتہائی غریب، یتیم، بیوائیں ، بے گھر افراد، معذور، بے روزگار، غریب کسان، مزدور، بیمار جنہیں علاج کی ضروت ہو،غذائی قلت کے شکار افراد،کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء، غریب خواتین اور عمر رسیدہ شہری شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خاص طور سے اُردُو زبان میں ڈیزائن کی گئی ہدایات عوام کو احساس پروگراموں اور اقدامات سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہیں ،
جن میں احساس کفالت، احساس سروے، احساس رجسٹریشن ڈیسک، احساس نشوونما، وسیلہ تعلیم ڈیجیٹل، احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ، احساس بلاسود قرضہ، احساس بچت اکاءونٹ، احساس آمدن، دارلاحساس، احساس پناہ گاہ، احساس لنگرخانہ، احساس کوئی بھوکا نہ سوئے، ون ونڈو احساس، احساس تحفظ اور دیگر پروگرام شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ احساس ڈیجیٹل شفافیت اور عوام بالخصوص مستحقین کیساتھ رابطے کو مضبوط بناتا ہے ۔ اُردُو زبان میں مستحقین کے سوالات کے جواب دینے سے احساس اپنے سماجی تحفظ و تخفیف غربت پروگراموں اور اقدامات کو زیادہ بہتر اور موثر بنانے کے قابل ہوگا ۔