اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ عوام امانت کے طور پر ووٹ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں دیتے ہیں،اس میں خیانت نہیں ہوسکتی، پاکستان کے قانون کے اندر ضمیر فروشوں،بھگوڑوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے راستہ بند ہونا چاہیے۔
جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ صدارتی ریفرنس اعلی عدلیہ کے سامنے ہے، عوام اس سوال کا جواب چاہتے ہیں، جنہوں نے ملک لوٹا ہو، کیسز ثابت ہوں،معاشرہ ان کے خلاف لڑتا ہے، یہاں پر پاپڑ والے،فالودے والے، مقصود چپڑاسٹی جیسے کرداروں کے ذریعے اربوں روپے کی ترسیل ہوتی ہے۔
وزیر مملکت نے کہاکہ عجیب تماشا ہے جس وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد جمع ہے اسکے خلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ہے، جو عدم اعتماد لارہے ہیں وہ سب کرپٹ ہیں،سپیکر قومی اسمبلی نے کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا، اپوزیشن کا رونا دھونا باقی رہ گیا ہے،اگر اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہیں تو کیوںٹانگیں کانپ رہی ہیں، پہلے جلسوں پر پابندی کے لئے عدلیہ کے پاس گئے،اس پر کچھ نہ بنا تو اپنا مارچ 24سے 28کو لیکر چلے گئے ہیں، اپوزیشن کے جلسے میں کوئی نہیں آنے والا، 27مارچ کو پی ٹی آئی کے جلسے میں عوامی سمندر ہوگا، ساڑھے تین سال سے اتحاد قائم، اج بھی اتحادی کابینہ کا حصہ ہیں، رابطے ہیں،پہلے کی طرح اب بھی اتحادی ساتھ ہیں، اپوزیشن صرف بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ ہم عدم اعتماد کے خلاف نہیں ہیں، کیا پاکستان کی جمہوریت اربوں کی مار ہے،نوٹوں کی بوریاں لائیں اور ووٹ خریدلیں، ضمیر جاگنے کی وجہ نوٹوں کی چمک ہے، ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد پر عدم اعتماد نہیں ہوتی، عمران خان سے زیادہ مقابلہ کوئی نہیں جانتا، آخری بال تک کھیلیں گے، استعفے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا،این آر او ٹولے کو کچھ نہیں ملنے والا، فتح،حق اور سچ کی ہوگی، پی ٹی آئی ملک کے مختلف حصوں میں جلسے کررہی ہے،ایک دن کے نوٹس میں جلسے کرنا بڑی بات ہوتی ہے، عوامی رائے کا سامنے آنا ضروری ہے، ہر سیاسی جماعت کو جمہوری حق استعمال کرسکتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=301576