ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے دو دو ہزار روپے میں ووٹ خریدے، وزیراعظم عمران خان اسی نظام کے خلاف کھڑے ہیں، یہ لوگ خاص مقصد کے تحت برسراقتدار آتے ہیں، چوہدری فواد حسین

119

پنڈ دادنخان ۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے دو، دو ہزار روپے میں ووٹ خریدے جو شرمناک اقدام ہے، وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف اسی نظام کے خلاف کھڑے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے سب سے زیادہ گھبراہٹ بھی انہی لوگوں کو ہے، 2016ءمیں بھی ن لیگ نے پنڈ دادنخان میں لوگوں کو پیسے کا لالچ دے کر ووٹ خریدنے کی کوشش کی، امید ہے الیکشن کمیشن ن لیگ کی وائرل ہونے والی ویڈیو پر نوٹس جاری کرے گا۔

اتوار کو یہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ کا انتخابی طریقہ ہی دھاندلی پر مبنی ہے، یہ لوگ کسی خاص مقصد کے لئے برسراقتدار آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 1990ءکا الیکشن دھاندلی سے جیتا، یہ دھاندلی سپریم کورٹ بھی ڈیکلیئر کر چکی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو مشورہ دیا کہ وہ فلمیں بنانے کا کاروبار شروع کر دیں، سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ان کے خلاف کوئی کیس کھلتا ہے تو کوئی نہ کوئی ویڈیو سامنے آ جاتی ہے،

بعد میں پتہ چلتا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ایسے ہتھکنڈوں سے عدلیہ اور فوج پر دبائوڈالنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہر علاقے میں فوجی اور غازی موجود ہیں، فوج کے جوان سینے پر گولی کھانے کے لئے تیار رہتے ہیں، سینے چوڑے کر کے سرحدوں پر کھڑے ہوتے ہیں، انہیں کون بلیک میل کر سکتا ہے؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پانامہ پیرز میں نواز شریف اور مریم نواز کی جائیدادوں کا انکشاف ہوا، ان کی جائیدادیں ایسے علاقوں میں سامنے آئیں جہاں برطانیہ کا وزیراعظم بھی شاید جائیداد نہ خرید سکے، ان جائیدادوں کے انکشاف کے بعد مریم نواز نے کہا کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے پاس ان جائیدادوں کے ثبوت ہی موجود نہیں، رسیدیں ہیں تو یہ سامنے لائیں، نہیں ہیں تو انہیں لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنا ہوگا یا جیل جانا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کے مقابلے کا کوئی لیڈر موجود نہیں، گوادر، پشاور، کراچی، حیدر آباد، سکھر سمیت پورے ملک میں عمران خان کا ووٹ بینک موجود ہے، اگر کوئی ملک کو ترقی دے سکتا ہے تو وہ عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی علامت ہے،

عمران خان واحد لیڈر ہیں جو فرقہ واریت اور صوبائیت کی بات نہیں کرتے، صرف پاکستان کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سوا کوئی سیاسی پارٹی ایسی نہیں جو تمام نشستوں پر اپنے انتخابی امیدوار کھڑے کر سکے، پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی، آئندہ الیکشن میں بھی اس کا کوئی مقابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی کی بنیادی وجہ سابقہ ادوار میں کی جانے والی کرپشن ہے، سابق دور میں کرپشن کی وجہ سے ملک میں آج معاشی مسائل درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈ دادنخان کو تین سالوں کے دوران ہم نے جس طریقے سے تبدیل کیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی، پنڈ دادنخان میں 61 ارب روپے کے منصوبے تین سالوں کے دوران دیئے گئے، 43 ارب روپے کے جلال پور نہر منصوبے سے علاقے میں لاکھوں ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔۔ مارچ 2023ءمیں اس منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہو جائے گا اور زمینوں کو پانی ملنا شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ للہہ۔ جہلم ڈوئل کیرج وے کا پنڈ دادنخان سے للہہ تک کا فیز 1 اور مصری موڑ سے سنگھوئی تک فیز 2 آئندہ سال اپریل تک مکمل ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں نے اس علاقے کے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ اپنی زمینیں فروخت نہ کریں، آج علاقے میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے یہاں کی زمینوں کے ریٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بچوں کے لئے تعلیمی اداروں کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، سکولوں اور کالجوں کے قیام سے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے دوسرے علاقوں میں نہیں جانا پڑے گا۔

اس موقع پر علاقہ کے معززین نے بھی خطاب کیا اور حلقہ کی ترقی کے لئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی کاوشوں کو سراہا۔ علاقہ عمائدین نے کہا کہ حلقے کی پچاس سالہ تاریخ میں کوئی ایسا لیڈر نہیں آیا جس نے چوہدری فواد حسین کی طرح علاقے کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری فواد حسین ہمارا انتخاب ہیں، انشاءاللہ ان کی سرپرستی میں یہ خطہ ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔