لاہور۔30جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے جاری سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے، بد قسمتی سے پی ڈی ایم نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہواہے،
حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے، ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے، تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے اور ساڑھے 3 برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔