وکلاء کی اہمیت معاشرے میں کلیدی نوعیت کی ہوتی ہے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

128

باغ۔14نومبر (اے پی پی):صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وکلاء کی اہمیت معاشرے میں کلیدی نوعیت کی ہوتی ہے، وکلاء عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کریں، وکلاء نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالا دستی کے لئے مثبت کردار ادا کیا ہے کیونکہ کوئی بھی قوم آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ہے، وکلاء برادری آئین و قانون کی بالا دستی کے قیام کے لئے معاشرے میں فیصلہ کن رول ادا کرتی ہے، آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں وکلاء برادری نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں اس وقت ظلم و بربریت کا دور دورہ ہے تحریک آزادی کشمیر اپنے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آس و امید ہمارے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔

اس لیے میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے وکلاء سمیت آزاد کشمیر بھر کے وکلاء سے کہوں گا کہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے سوشل میڈیا کا استعمال کر کے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں وکلا اپنا کردار ادا کریں۔آرڈیننس کا معاملہ عدالت میں زیر کار ہے تاہم اس سلسلے میں بہتری کے لئے میں اپنا بہتر کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرتقریب میں آزاد کشمیر کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء قمراور صدارتی مشیر سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے صدر راجہ محمود خان ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے صدرراجہ محمود خان ایڈووکیٹ نے سپاس نامہ پیش کیا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے صدرراجہ محمود خان ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لیے خدمات ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ریاست کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے عوام کی بھرپور انداز میں ترجمانی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پرموثر انداز میں اجاگر کیا ہے وکلاء برادری صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لیے کی جانے والی خدمات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کرنے کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 05 اگست 2019 کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں اضافہ کیا ہے، مودی سرکار نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔لیکن بھارت یہ جان لے کے وہ اپنے ظلم و جبر سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتا۔ انشا ء اللہ تحریک آزادی کشمیر جلد کشمیر کی آزادی کی صورت میں پایہ تکمیل کو پہنچے گی ہم کشمیر کی مکمل آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔

کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا بنیادی حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔دوسری طرف اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی بچوں، بوڑھوں،عورتوں اور نوجوانوں کی شہادتیں ہو چکی ہیں۔فلسطین میں انسانی حقوق مکمل طور پر پامال ہو چکے ہیں

۔ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں اور اسرائیل کے فلسطین میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پرہر انصاف پسنداور زندہ ضمیر رکھنے والا شخص رنجیدہ ہے۔اس لئے عالمی برادری کو مظلوم کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔