وکلا قانون کی عملداری کے لیے کردار ادا کریں، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق

118

مظفرآباد۔8جنوری (اے پی پی):آزادجموں کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ اپنے حلف کی پاسداری کروں گا، قانون کی عملداری کے لیے وکلاء کردار ادا کریں، وکلاء کا پیشہ مقدس پیشہ ہے، وکلاء کے دفاتر کی اراضی کا اعلان کرتاہوں، وکلاء نظام میں امید نو اور معاشرہ کے لیے مشعل راہ ہیں،پرائم منسٹر ویژن پروگرام 2025ء پیش کرنے جارہے ہیں، اس پروگرام سے انقلابی ترقی کی راہیں کھلیں گی، ٹیکس کے پیسوں سے عوام کی فلاح کے لیے وسائل پیدا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادجموں و کشمیر بار کونسل کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعصب کا خاتمہ کیا ہے، فیڈرل فنانس بل کے ٹیکسیزسیلریز کے علاوہ کسی اور ذریعہ آمدن پر نافذ نہیں ہیں، ٹیکس سسٹم میں حائل خامیوں کا خاتمہ کیا ہے،پولیس کے لیے گاڑیوں، طلبہ کی آمدورفت کے لیے بسوں، ایمرجنسی کے لیے فائر فائٹر گاڑیوں کے ذریعے مفاد عامہ کے حامل اداروں کو سہولیات فراہم کی ہیں،اسلاف کے نظریہ پر چلنا ہوگا، حکومت کے اقدامات سے ریونیو میں 18 ارب کا اضافہ ہوا ہے، گاڑیوں کی آکشن سے 3 ارب روپے کی بچت کی ہے، سوشل پروٹیکشن فنڈز شفافیت پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق و فرائض کی گفتگو نظریات کے ساتھ ہوتی ہے، نظریات کو محفوظ بنانا ہوگا، تحریک آزادی کشمیر کی بدولت بیس کیمپ کی حکومت کا نظام قائم ہے، اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے بارکونسل کی عمارت کے لیے اراضی کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت،آزادکشمیر کے عوام سمیت وکلاء کی ہیلتھ انشورنس پر کام کر رہی ہے، سوشل پروٹیکشن فنڈ سے حق داروں کو حق ادا کرنے کی کوشش کی ہے ،حکومت سڑکات کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے، بجلی چوری کو روکنے کے لیے کام کریں گے،ٹیکس ٹارگٹ کو پورا کررہے ہیں، سوشل انڈومنٹ فنڈ سے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضے دیں گے،تحریک آزادی کشمیر کو تخیل سے نکال کر عملداری پر رواں کیا ہے، پالیسیز میں تسلسل چاہیے، قرآن و سنت پر چلنا ترجیح اول ہے ، انھوں نے کہاکہ نظریات میں آلودگی نہیں آنی چاہیے، بنیاد سے ہٹیں گے تو نظام نہیں بچ پائے گا، ہمیں حقیقت پسند سوچ کا حامل ہونا ہوگا،مقبوضہ کشمیر کی صورت حال ابتر ہے، اللّہ رب العزت سے کرم کے طلب گا ر ہیں۔

تقریب میں وزراء حکومت میاں عبدالوحید، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری اظہر صادق، چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، عبدالماجد خان، ظفر اقبال ملک، پروفیسر تقدیس گیلانی، نثار انصر ابدالی، وائس چیرمین بار کونسل اشفاق کاظمی، ایڈووکیٹ جنرل آزادکشمیر شیخ مسعود اقبال، کمشنر مظفر آباد ڈویژن مسعود الرحمان سمیت آزادجموں و کشمیر بار کونسل کے ممبران سمیت دیگر نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں وائس چیئرمین آزادجموں و کشمیر بار کونسل سید اشفاق کاظمی نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو اقتدار مشکل حالات میں ملا، وکلاء کی فلاح کے لیے وزیراعظم آزاد کشمیر کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا تقریب میں آنا خوش آئند امر ہے، وکلاء کی ویلفیئر کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں ٹرانسپیرنسی اور احتساب کے نظام کو موثر بنایا ہے،

جامعات کے ساتھ مل کر لاء کے طلبا کے لیے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سلیبس مرتب کروایا ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ممبر آزادجموں و کشمیر بار کونسل عاصم مسعود گیلانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ انصاف کے نظام کو مؤثر بنانے میں کردار نبھا رہے ہیں۔ ممبران بار کونسل منتخب ہو کر آتے ہیں، انھوں نے کہاکہ لاء ریفارمز میں وکلاء کو آن بورڈ لیا جائے، لیگل سسٹم کو مؤثر بنانے کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔