وکلا کی سہولت کے لئے این آئی آر سی عدالت میں آن لائن سماعت کا آغاز کر دیا گیا ہے، چیئرمین این آئی آرسی

83
وکلا کی سہولت کے لئے این آئی آر سی عدالت میں آن لائن سماعت کا آغاز کر دیا گیا ہے، چیئرمین این آئی آرسی

کوئٹہ۔ 10 اپریل (اے پی پی):کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے وکلا کی سہولت کے لئے این آئی آر سی عدالت میں آن لائن سماعت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین قومی صنعتی تعلقات کمیشن جسٹس ریٹائر ڈشوکت عزیز صدیقی اور ممبر این آئی آر سی عبدالغنی مینگل نے کیا۔ جسٹس ریٹائرڈشوکت عزیز صدیقی نے افتتاحی تقریب کے موقع پر وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم کوئٹہ کے وکلا، مزدوروں اور عام لوگوں کے مفاد میں اٹھایا گیا ہے تاکہ انہیں سفری اخراجات اور وقت کی بچت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس نئے اقدام سے وکلا کو آسانی ہوگی کیونکہ وہ اب اپنے کیسز کو اپنے ہی شہر میں بیٹھ کر آن لائن طریقہ سے پراسیس کر سکیں گے اور انہیں دور دراز علاقوں میں مقیم افراد کو عدالتوں تک پہنچنے کے لیے مہنگی اور تکلیف دہ سفری مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،انہوں نے کہا کہ یہ قدم قانونی خدمات کو عوام تک پہنچانے میں مزید آسانی پیدا کرے گا، خاص طور پر ان لوگوں کے لئے جو جغرافیائی طور پر دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں۔

یہ اقدام عدالتوں کی کارکردگی میں بہتری اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر بنائے گا۔جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے اس بات کو یقینی بنانے کا عہد کیا کہ یہ عمل پورے ملک میں پھیل سکے تاکہ ہر شہری کو بہتر انصاف کی سہولت مل سکے۔ اس موقع پر انہوں نے IT ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ محمد عثمان علم کو ہدایت دی کہ وہ کوئٹہ میں جا کر آن لائن ویڈیو لنک کا سیٹ اپ لگائیں اور اسے فوراً شروع کریں تاکہ اس سہولت کا فائدہ جلد از جلد وکلا اور عوام تک پہنچ سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر این آئی آر سی عبدالغنی مینگل نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا قدم ہے جو کوئٹہ کے وکلا اور عوام کے لئے انصاف کے دروازے کو مزید کھولے گا۔ ہم خوش ہیں کہ اس اقدام سے نہ صرف وکلا کی مشکلات کم ہوں گی بلکہ یہ قانونی خدمات کی فراہمی میں تیزی لائے گا۔ کوئٹہ جیسے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے یہ ایک بہت بڑی سہولت ثابت ہو گی اور اس سے انصاف کا عمل مزید تیز اور موثر ہو گا۔

اس اقدام کا مقصد وکلا کو کراچی، لاہور یا اسلام آباد جیسے دور دراز شہروں میں سفر کرنے کی ضرورت سے بچانا ہے تاکہ وہ اپنے کیسز کی سماعت آن لائن طریقہ سے مکمل کر سکیں ۔اس اہم اقدام کا اعلان چیئرمین این آئی آرسی جسٹس ریٹائر ڈشوکت عزیز صدیقی نےکیا،افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ، لیبر ا پیلٹ جج ، سینئر سول جج، بلوچستان بار ایسوسی ایشن اورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا بھی شریک تھے۔