سیالکوٹ۔15مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ وکلا کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں، وکلا ہمارے معاشرے کا اہم طبقہ ہیں، ڈسٹرکٹ بار میرا گھر اور ہم اس فیملی کا حصہ ہیں ،وکلا کی فلاح کے لیے کام اور ان کے درپیش مسائل حل کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر صدر بار مقصود احمد بھٹی اور سیکرٹری چوہدری احسن اسماعیل گجر کو حکومت کی جانب سے 50لاکھ روپے کا چیک دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ محمدآصف نے کہا کہ وکلا کا فرض ہے قانون کی پاسداری اور حفاظت کریں، وکلا انصاف کے علمدار ہیں، میں 1971 میں اس بار کا ممبر بنا ، ڈسٹرکٹ بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔صدر بار مقصود احمد بھٹی اور سیکرٹری چوہدری احسن اسماعیل گجر نے حکومت کی جانب سے 50لاکھ روپے چیک ملنے پر خواجہ محمد آصف کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر صدر بار مقصود احمد بھٹی، سیکرٹری چوہدری احسن اسماعیل گجر نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ایف آئی اے کورٹ،انسداد دہشت گردی کورٹ اور بینکنگ کورٹ کا مطالبہ کیا جس پر انہوں نے سیالکوٹ میں جلد ان کورٹس کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔