اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے زڈن ٹی 20 کرکٹر کا ایوارڈ جیت لیا۔29 سالہ محمد رضوان کے لئے 2021 یادگار سال بن گیا، آئی سی سی ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کےبعد وزڈن لیڈنگ ٹی 20 کرکٹر 2021 کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
وکٹ کیپر بلے باز نے گزشتہ سال میں 29 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 73.66 کی اوسط سے 1326 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
انگلینڈ کے جو روٹ وزڈن کے لیڈنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے۔جنوبی افریقا کی لیزل لی نے لیڈنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا۔جسپریت بمرا، ڈیون کانوے، اولی رابن سن، روہت شرما اور دین وین نکرک پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ محمد رضوان اس سے قبل آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔محمد رضوان کو 22ٹیسٹ،44 ایک روزہ اور 56 ٹی 20 میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔