وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی جدوجہدحقِ خودارادیت کے ذریعے بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوادیکھیں گے، چیئرمین سینیٹ

101
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے، جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نےاپنےپیغام میں کہا کہ کشمیری شہدانے13جولائی 1931 ءکوڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دیں، وہ یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اُن 22 کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1931ء میں ڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانی دی۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ آج بھی 9 لاکھ سے زائد بھارتی افواج جموں و کشمیر پر تسلط برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور زیرِ تسلط وادی میں بھارتی افواج کا ظلم و بربریت روکنے کے لئے متعدد قراردادیں منظور کی گئی ہیں،آج ہم 1931 ءکے ہیروز کے ساتھ ساتھ ان تمام بے گناہ کشمیریوں کی انمول قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس جدوجہد میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔

چیئرمین سینیٹ نے بھارت پر زور دیاکہ وہ غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جاری جبر فوری روکے،فوجی محاصرہ ختم کرے اورزیرِ تسلط علاقے کاآبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی کوششیں بند کی جائیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ زیرِ تسلط کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے، بھارتی افواج کےغیرقانونی زیرِ تسلط علاقے میں مظالم اور بربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے ،کم ہے۔