ویانا،بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کا اجلاس، چینی سفیر کی ایران پر امریکی حملے کی مذمت

5

ویانا۔24جون (اے پی پی):بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کےہنگامی اجلاس میں چینی سفیر نے ایران پر امریکی حملے کی مذمت کی ہے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے ایران کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آئی اے ای اے میں چین کے مستقل نمائندے لی سونگ نےایران پر امریکی حملے کے حوالے سے چین کے موقف کی وضاحت کی ۔

لی سونگ نے اس امر کی نشاندہی کی کہ امریکا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن، ایٹمی ہتھیاروں کے "عدم پھیلاؤ معاہدے "کا فریق اور ایک جوہری طاقت ہے،اُس کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی، جو کہ ایک غیر جوہری طاقت ہے اور ایجنسی کے حفاظتی اقدامات کو قبول کرتی ہے، انتہائی سنگین اقدام ہے ، چین اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔

چینی سفیر لی سونگ نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات اور تعاون ایرانی جوہری مسئلے کے حل کے بنیادی ذرائع ہیں اور مواصلات اور مذاکرات ہمیشہ پائیدار امن کے حصول کے صحیح راستے ہیں، بین الاقوامی برادری خاص طور پر امریکا کو کشیدگی کو کم کرنے اور گفت و شنید اور مذاکرات کے لئے سہولت فراہم کرنے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔

لی سونگ نے کہا کہ بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاؤ نظام کا مضبوط دفاع بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے لازم ہے اور یہ بین الاقوامی برادری کے بنیادی مفادات میں شامل ہے، چین آئی اے ای اے کی جانب سے اپنی ذمہ داریاں غیرجانبداری سے انجام دینے اور ایرانی جوہری مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل میں مثبت کردار ادا کرنے کی حمایت کرتا ہے۔