ویتنام میں سمندری طوفان وٹیپ کی تباہ کاریاں، 3 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

6
Typhoon Vitip's devastation in Vietnam
Typhoon Vitip's devastation in Vietnam

ہنوئی۔14جون (اے پی پی):ویتنام میں سمندری طوفان وٹیپ کے باعث آنے والے شدید سیلاب سے تین افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے ۔ شنہوا نے ویتنام نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ سیلاب نے زرعی شعبے سمیت متعدد علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ صوبہ کوانگ تری کے ضلع تریئو فونگ میں دو افراد سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کے دوران جاں بحق ہوئے جبکہ ضلع ہائی لنگ میں ایک شہری پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔

دوسری جانب ہمسایہ صوبے کوانگ بنہ میں4افراد تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔سیلاب سے 21,000 ہیکٹر سے زائد رقبے پر کھڑی دھان کی فصل زیرِ آب آ گئی ہے جبکہ ہزاروں ہیکٹر سبزیاں اور مچھلی کے تالاب بھی متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، سیلاب کے باعث بیسیوں ہزار مرغیاں بھی ہلاک ہو چکی ہیں۔شدید بارشوں اور سیلاب نے درجنوں گھروں کو متاثر کیا،

سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالا، اور میدانی و پہاڑی علاقوں سے انخلا کا سبب بنا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی سطح اب آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے۔