دھرم شالا۔22اکتوبر (اے پی پی):سٹار بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ میں نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور صرف5 رنز کے فرق سے سچن ٹنڈولکر کی زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے سے محروم رہ گئے، وہ 95 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد میٹ ہنری کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، کوہلی ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ تو برابر نہ کر سکے البتہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں،
انہوں نے سابق سری لنکن بیٹر سنتھ جے سوریا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ کر یہ کارنامہ سر انجام دیا، کوہلی نے اب تک 286 میچز میں 13437 رنز بنائے ہوئے ہیں جس میں ان کی 48 شاندار سنچریاں اور 69 نصف سنچریاں شامل ہیں، جے سوریا نے 445 میچز میں 13430 رنز بنا رکھے تھے،
ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز سابق بھارتی بیٹر سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 18426 رنز بنا رکھے ہیں، سابق سری لنکن بیٹر کمار سنگاکارا 14234 رنز بنا کر دوسرے اور سابق آسٹریلوی بیٹر رکی پونٹنگ 13704 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔