ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل بھی بارش کی نذر، پاکستانی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم بننے کے قریب پہنچ گئی

143

پورٹ آف سپین ۔ 21 اگست (اے پی پی) ویسٹ انڈیز اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل بھی بارش کی نذر ہو گیا، پاکستانی ٹیم تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پورٹ آف سپین میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان جاری چوتھا اور آخری ٹیسٹ بارش سے بری طرح متاثر ہوا ہے، اب تک صرف پہلے روز 22 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا اور اس کے بعد دوسرا اور تیسرا روز مسلسل بارش کی نذر ہوا۔ بھارت کیلئے ٹیسٹ کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے اس ٹیسٹ میں فتح لازمی تھی لیکن بارش اس کی جیت کی راہ میں حائل ہو گئی جس کا فائدہ اب پاکستانی ٹیم کو پہنچے گا اور وہ پہلی بار دنیا کی نمبر ون ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لے گی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹوں پر 62 رنز بنا رکھے ہیں۔