
اینٹیگوا۔15مارچ (اے پی پی):ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی۔ فاتح ٹیم نے 275 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیرن براوو نے 102 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
انہیں مرد میدان قرار دیا گیا۔ سر ویون رچرڈ سٹیڈیم، نارتھ سائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔ ڈی سلوا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ایشن بیندرا 55 اور دنشکا گوناتھلکا 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عقیل حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف ڈیرن براوو کی شاندار سنچری کی بدولت 48.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ براوو نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں شائی ہوپ 64 اور کپتان کیرن پولارڈ 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سرنگا لکمل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیرن براوو کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔