اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):ویسٹ انڈیز نے پاکستان شاہینز کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 346 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی ۔ امیر جینگو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 63 رنز بنائے ، کیون سنکلیئر 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
دوسرے روز ویسٹ انڈیز کے آئوٹ ہونے والے واحد کھلاڑی جوشوا دا سلوا تھے جو 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔ پہلے دن مہمان ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے تھے ۔ شاہینز کی طرف سے رمیض جونیئر نے تین اور احمد صفی عبداللہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
پاکستان شاہینز نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنا لیے ، محمد حریرہ نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، کپتان امام الحق 5 ، عمیر بن یوسف 16 ، محمد سلیمان 45 ، سعد خان 4 ، حسین طلعت 12 ، روحیل نذیر 21 ، غازی غوری 13 اور احمد صفی عبداللہ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، موسیٰ خان 10 اور رمیض جونیئر صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں ۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیون سنکلیئر نے تین جبکہ گڈاکیش موتی اور جائیڈن سیلز نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔