ناٹنگھم ۔ 29 مئی (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2019ءمیں (کل) جمعہ کو اپنی مہم کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کریگی۔ یہ میچ ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن دو بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد ناٹنگھم میں پہنچ چکی ہے اور پریکٹس میں مصروف ہے، ٹیم کے کھلاڑی پہلے میچ میں شرکت کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب نظر آرہے ہیں۔عالمی کپ کے مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پاکستان کرکٹ ٹیم پر واضح برتری حاصل ہے ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ورلڈکپ میں اب تک 10 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری ہے۔ اب تک عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچوں میں ویسٹ انڈیز نے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان ٹیم صرف 3 میچز جیتنے میں کامیاب ہوسکی۔