ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

137
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔ یہ پاکستان کی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 کی پاکستان میں آخری سیریز ہوگی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق تین ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022کا حصہ ہیں ۔ یہ میچز 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز کے بعد پانچ ٹی ٹونٹی میچز اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی میچز 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو شیڈول ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنل میچ شام ساڑھے تین بجے شروع ہونگے جبکہ ٹی ٹونٹی میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہے، اس نے 18 میچوں میں 16 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم 12 میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے۔ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا 2021 کے بعد دوسرا دور پاکستان ہوگا۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 سیریز بھی چوتھی سیریز ہوگی جس کی میزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ کررہا ہے۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان کی آخری سیریز اس سال مئی میں انگلینڈ کے دورے میں ہوگی۔

خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ہم ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا پاکستان میں پرتپاک استقبال کریں گے ۔ ہوم گرائونڈ پر چوتھی سیریز کی میزبانی خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اور ہماری کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہونے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پی سی بی کے عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز صرف کرکٹ سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کے بارے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین ٹیم کے لیے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی موجودہ پوزیشن ہمارے عزم اور لگن کی عکاسی کرتی ہے اور ہمارا مقصد ہوم گرائونڈ پر ہونے والے تین چیمپئن شپ میچوں سے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہے۔اس سال کے آخر میں آئی سی سی خواتین کا T20 ورلڈ کپ بھی ہو رہا ہے۔ اس ایونٹ اور مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی حالیہ اچھی کارکردگی کی روشنی میں ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل شیڈول کیے ہیں۔

ٹی ٹونٹی سیریز سے سلیکٹرز کو میگا ایونٹ کے لیے سکواڈ کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی۔سیریز کا شیڈول کے مطابق پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 18اپریل کو دوسرا 21 اور تیسرا23 کو کراچی میں ہوگا۔ پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل 26اپریل کو، دوسروا28اپریل کو، تیسرا 30کو ، چوتھا 2مئی کو جبکہ پانچواں ٹی ٹونٹی کراچی میں ہوگا۔