ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچوں کیلئے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق اسکواڈ میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم میں سات تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپن شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے آف اسپنر ساجد خان اور لیگ اسپنر …

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق اسکواڈ میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم میں سات تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپن شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے آف اسپنر ساجد خان اور لیگ اسپنر ابرار احمد کو طلب کیا گیا ہے ، انجری کا شکار صائم ایوب اور آؤٹ آف فارم عبداللہ شفیق کی جگہ امام الحق اور محمد ہریرہ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ، عامر جمال، محمد عباس، میر حمزہ اور نسیم شاہ کو آرام کی غرض سے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ۔

فاسٹ باؤلر محمد علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ، کاشف علی کو پہلی بار ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ دورہ جنوبی افریقہ میں انجرڈ ہونے والے وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ کی جگہ پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان اور شاہینز کے کپتان روحیل نذیر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل (نائب کپتان) ، ابرار احمد ، بابر اعظم ، امام الحق ، کامران غلام ، کاشف علی ، خرم شہزاد ، محمد علی ، محمد ہریرہ ، محمد رضوان (وکٹ کیپر/ بیٹر ) ، نعمان علی، روحیل نذیر (وکٹ کیپر/ بیٹر )، ساجد خان اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 جنوری سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا ۔