ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ بھی جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے ،سعود شکیل

105
Saud Shakeel
Saud Shakeel

ملتان۔ 23 جنوری (اے پی پی):قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دینے کے لئے میدان میں اتریں گے ،میچ میں سب اہم چیز بڑا سکور کرنا ہوتاہے ،ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بڑے سکور کی اپروچ سے کھیلیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سعود شکیل نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جیت کے بعد ڈریسنگ روم کا اس وقت ماحول بہت اچھا ہے، ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میری کارکردگی سے ٹیم جیتے،دوسرے ٹیسٹ میچ بھی جیتنے کیلئے پوری ٹیم پر امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھنا ہے کہ ہمیں کیا ٹاسک مل رہا ہے اور کیسے مکمل کرنا ہے۔ٹیسٹ رینکنگ میں درجہ بندی بہتر ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سعود شکیل نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں رینکنگ اہم چیز ہے،آپ ٹاپ ٹین میں آجائیں تو خوشی ہوتی ہے۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان نے پچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ملتان کی پچ کافی مشکل ہے ،ہمیں ڈومیسٹک میں بھی اس طرح کی پچز ملنی چاہیں، سپن کی پریکٹس کرنا آسان ہے،گھاس والی پچ پر نیا گیند بہت اہم ہوتا ہے،نئے گیند پر بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا ہے،گریٹس بھی ایسی پچز پر کھیل کر گریٹس بنے ہیں۔