کراچی۔9دسمبر (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان پہنچ گئی ہے، کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر کھلاڑی (آج) جمعہ سے پریکٹس کریں گے۔ جمعرات کی شام ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کراچی پہنچنے پر پی سی بی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے پی سی آر ٹیسٹ لئے گئے ہیں اور کورونا کے رزلٹ منفی آنے تک تمام کھلاڑی ہوٹل میں قرنطینہ میں رہیں گے۔ مہمان کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے انتہائی سخت سکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔
ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں13 دسمبر کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے ہوگا۔ واضح رہے قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے کامیاب دورہ کے بعد جمعرات کو کراچی پہنچ گئی ہے۔