لندن۔10جنوری (اے پی پی): ویلزفٹ بال ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز فٹ بالر گیرتھ بیل نے اپنے شاندار کیریئر کے بعد 33 سال کی عمر میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔اپنے ملک کے لئے سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور ریکارڈ گول سکورر نے والے 33 سالہ گیرتھ بیل نے سوشل میڈیا پر اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔گیرتھ بیل نے ریال میڈرڈ کے لئے پانچ بار چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل حاصل کیا۔ وہ ویلز کے اب تک کے بہترین فٹ بالر ہیں۔گیرتھ بیل نے اپنے ٹویٹ پر کہا کہ میں نے بہت ہی محتاط اور سوچ بچار کے بعد کلب اور بین الاقوامی فٹ بال سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس کرتا ہوں کہ اس کھیل میں اپنے خواب کو پورا کر پایا جس سے مجھے بہت پیار اور عزت ملی ہے۔برطانوی مشہور اور بڑے شہر کارڈف میں پیدا ہونے والے گیرتھ بیل نے اپنے کلب کیریئر کا آغاز 2006 میں ساؤتھمپٹن کی نمائندگی سے کیا،ایک سال میں سائوتھمپٹن کے لئے انہوں نے 40 میچز کھیلے، اس کے بعد وہ 2007 سے 2013 تک ٹوٹنہم ہاٹ پور کے لئے کھیلے اس دوران انہوں نے 146 میچز کھیلے،2013 سے 2022 تک وہ ریال میڈرڈ کے لئے کھیلے ،اس کے علاوہ انہوں نے 2022 میں میجر لیگ سوکر کلب لاس اینجلس ایف سی کے لئے 12 میچز کھیلے۔گیرتھ بیل نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام 111 میچز میں 41 گول کے ساتھ کیا۔\932