لندن۔4جولائی (اے پی پی):انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان جاری ویمنز ایشز کا دوسرا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کل (بدھ کو) کیننگٹن اوول، لندن میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلوی خواتین ٹیم کو ویمنز ایشز سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں میزبان برطانوی خواتین ٹیم کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
آسٹریلین ویمن ٹیم نے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی ۔ آسٹریلین ویمن ٹیم کی قیادت الیسیا ہیلی کر رہی ہیں جبکہ میزبان برطانوی خواتین ٹیم کو ہیتھر نائٹ لیڈ کر رہی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 8 جولائی کو لندن کے تاریخی گرائونڈ لارڈز میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جولائی کو برسٹل ،دوسرا ون ڈے 16 جولائی کو سائوتھمپٹن جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 18 جولائی کو ٹائونٹن میں کھیلا جائے گا۔