ہوبارٹ ۔17جنوری (اے پی پی):ویمنز ایشز سیریز میں آسٹریلیا ویمن نے تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ ویمن کو 86رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کر دیا۔ انگلینڈ کی خواتین ٹیم پہاڑ جیسے 309 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔جمعہ کو بیلریو اوول، ہوبارٹ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں میزبان آسٹریلوی خواتین ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنا کر انگلینڈ کی ویمنز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 309 رنز کا ہدف دیا۔ایشلی گارڈنرنے 102 رنز کی دلکش اننگز کھیلی،تہلیا میک گراتھ 55 اور بیتھ مونی 50 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں ۔لارین بیل،نیٹ سکیور برنٹ اور چارلی ڈین نے دو، دو جبکہ سوفی ایکلسٹن اور لارین فائلر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں انگلینڈ کی ویمنز ٹیم 309 رنز کامطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.2 اوورز میں 222 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔نیٹ سکیور برنٹ 61 اور ٹامی بیومونٹ 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔آسٹریلیا ویمن ٹیم کی الانا کنگ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، میگن شٹ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔یوں آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی خواتین ٹیم کو نہ صرف 86 رنز سے شکست دی بلکہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 0-3 سے شکست دے کر مشن کلین سویپ مکمل کرلیا۔آسٹریلیا ویمن کی ایشلی گارڈنگ کو شاندار بلے بازی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا