کولمبو۔19جولائی (اے پی پی):ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے زیر اہتمام نویں ویمنز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامٹ 2024 میں کل (ہفتے کو ) مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ نویں ویمنز ایشیا کپ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ سری لنکا میں جاری ہے۔ ٹورنامنٹ میں 20 جولائی کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ملائیشیا کی خواتین ٹیم تھائی لینڈ کی خواتین ٹیم کے خلاف نبرد آزما ہوگی جبکہ دوسرا میچ میزبان سری لنکا خواتین ٹیم اور بنگلہ دیشی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے۔ بھارتی ویمنز ٹیم نے 2022 کے آٹھویں ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میچ میں سری لنکن ویمنز ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ میں 8ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوں گی جن میں میزبان سری لنکا،بنگلہ دیش،دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ، ملائیشیا ،نیپال اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ 28جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔ خواتین کے نویں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت تمام میچز سری لنکا کے رنگیری دمبولا انٹرنیشنل سٹیڈیم، دمبولا میں کھیلے جائیں گے ۔ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 15 میچز کھیلے جائیں گے۔