ویمنز اے سیریز، پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 80 رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی، سدرہ امین کی ناقابل شکست سنچری

86
ویمنز اے سیریز، پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 80 رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی، سدرہ امین کی ناقابل شکست سنچری

اینٹیگوا۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان اے ویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز اے کو 80 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔

کالج کرکٹ گرائونڈ، اینٹیگوا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اے ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ سدرہ امین نے 108 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ناہیدہ خان 55 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔

چیری این فریزر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز اے ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ ریچل ونسنٹ 56 اور رینس بوئس 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان اے کی طرف سے ایمان انور، صبا نذیر اور کائنات امیتاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔