برسبین۔28نومبر (اے پی پی):کرکٹ آسٹریلیا (سی اے )کے زیر اہتمام ویمنز بگ بیش لیگ کے دسویں ایڈیشن میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ آسٹریلیا میں جاری ہے ،جو اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔
لیگ میں کل (جمعہ کو )ناک آئوٹ رائونڈ کا واحد چیلنجر میچ کھیلا جائے گا ، جس میں برسبین ہیٹ اور سڈنی تھنڈر ویمنز ٹیمیں ایلن بارڈر فیلڈ ، برسبین کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی۔
دونوں ٹیموں میں سے جو بھی ٹیم فاتح ہوگی وہ فائنل میں میلبورن رینیگڈز ویمنز ٹیم سے مد مقابل ہوگی۔ دفاعی چیمپئن ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی ویمن ٹیم ناک آئوٹ مرحلے تک بھی نہیں پہنچ سکی تھی۔
ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کررہی ہیں جن میں دفاعی چیمپئن ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، برسبین ہیٹ،ہوبارٹ ہریکنز ،میلبورن رینیگڈز، میلبورن سٹارز، پرتھ سکارچرز، سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈر شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرزکی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے۔
ٹورنامنٹ ڈبل رائونڈ روبن اور ناک آئوٹ فائنلز کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے ۔ ٹورنامنٹ یکم دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ لیگ میں فائنل سمیت 43 میچز ہوں گے ۔ ڈبلیو بی بی ایل کے دسویں ایڈیشن میں شامل 8 ٹیموں کے درمیان 40 لیگ میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد ناک آئوٹ مرحلے میں فائنل سمیت تین میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ یکم دسمبر کو کھیلا جائے گا۔